قوموں کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار

ہُنزہ۔ ہفتہ ۲۸ اپریل کو گورنمنٹ کالج برائے خواتین ہُنزہ میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام “یُوتھ سیمینار” کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں KIU  ہُنزہ کیمپس کے علاوہ بوائز و گرلز ڈگری کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و اساتذہ، عمائدین، میڈیا، سول و مِلٹری حُکام اور دیگر شُعبہ ھائے زندگی سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ سیمینار کے مہمانِ خصُوصی انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان جناب صابر احمد تھے۔ جنہوں نے نوجوانان کو مُستقبل کے معمار قرار دیتے ہُوئے اُنہیں مُلک و قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ آئی جی نے نوجوانان کو تلقین کی کہ وُہ وطن کی ترقی و خُوشحالی کے لئے اپنا تن من اور دھن قُربان کر دیں اور مُلکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہُوئے اقوامِ عالم میں اعلٰی و ارفع مقام پیدا کریں۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہُوئے ممبر جی بی کونسل جناب ارمان شاہ نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان کا حصُول ہمارے آباؤ اجداد کی قُربانیوں اور جدوجہد کی بدولت ممکُن ہُوا اور اب اس کے استحکام اور خُوشحالی کے لئے ہمیں شبانہ روز محنت کرنا ہوگی۔ قومی ترقی و خُوشحالی کے لئے نوجوانان کو فرائض کی ادائیگی میں ہراول دستے کا کردار اخلاص سے ادا کرنا ہوگا۔
سیمینار سے گورنمنٹ کالج گلگت کے پروفیسر اعجاز حُسین، عزیز علی داد (AKRSP) اور وقار عباس (AKDN) نے بھی خطاب کیا۔

Comments